ڈیڑھ فٹ قد کی سنیتا نائیک نے میٹرک پاس کر کے سب کو حیران کر دیا

نیودہلی(جانوڈاٹ پی کے)ہمت اور لگن ہو تو چھوٹے قد بھی بڑے کام کر جاتے ہیں ڈیڑھ فٹ کی لڑکی نے میٹرک پاس کر کے سب کو حیران کر دیا۔
ہمت اور لگن ہو تو کوئی بھی معذوری کو شکست دے کر بڑے کارنامے انجام دے سکتا ہے۔ جیسا کہ ڈیڑھ فٹ قد کی سنیتا نے میٹرک کا امتحان پاس کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
عزم اور حوصلے کی یہ کہانی بھارتی شہری سنیتا نائیک کی ہے، جس نے ڈیڑھ فٹ قد ہونے کے باوجود تمام تر مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے دسویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اوڈیشہ کے سرولی گاؤں کی رہائشی سنیتا اپنے انتہائی چھوٹے قد کے باعث لکھنے سے قاصر ہے، جس کے باعث امتحانات میں اس کے کزن پرتاپ نائیک نے بطور رائٹر اس کی مدد کی۔
سنیتا نے بتایا کہ وہ سوالات کے جوابات بولتی جاتی تھیں اور پرتاپ اس کو کاپی پر لکھتا تھا۔
سنیتا کی کامیابی کے پیچھے ان کی والدہ سنجو کی محنت اور قربانیاں بھی شامل ہیں۔ شوہر بشنو نائک کے تقریباً دس سال قبل انتقال کے بعد سنجو نے نہ صرف گھر کا نظام سنبھالا بلکہ اپنی بیٹی کی تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔
وہ بچپن سے سنیتا کو سائیکل پر اسکول لے جاتی رہیں اور ہر مشکل میں اس کا ساتھ دیا۔
سنجو کا کہنا ہے کہ بیٹی کی کامیابی میرے لیے بہت بڑی خوشی ہے، اگر حکومت مدد کرے تو سنیتا مزید تعلیم حاصل کر کے ملک کا نام روشن کر سکتی ہے۔



