ترک دفاعی کمپنی نے جدید خودکش سمندری ڈرون’’طوفان‘‘متعارف کروادیا

استنبول(جانوڈاٹ پی کے)ترک دفاعی کمپنی اسیلسان نے جدید سمندری ڈرونز متعارف کوادیے جن میں ’طوفان‘ نامی اَن مینڈ سرفیس وہیکل بھی شامل ہے۔
کمپنی نے یہ جدید ڈرون استنبول میں جاری SAHA 2026 دفاعی نمائش میںمتعارف کروایا۔ کمپنی کے مطابق یہ ڈرون سطح سمندر پرخودکار جنگی کارروائیوں کے لیے تیار کیا گیا ہے اور حملے کے ساتھ ساتھ جاسوسی اور انٹیلیجنس مشنز بھی انجام دے سکتا ہے۔
یہ 8.1 میٹر طویل ڈرون پیٹرول انجن اور واٹر جیٹ پروپلشن سے چلتا ہے جو اسے تیز رفتار اور زیادہ تیزی سےحرکت کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے اور اسے ساحل کے قریب اور کھلے سمندر میں فوری تعیناتی کے قابل بناتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’طوفان‘ کی نمایاں خصوصیت اس کی ’سوارم انٹیلی جنس‘ اور جدید خودکار صلاحیتیں ہیں۔ یہ نظام اکیلے یا گروہ کی شکل میں کام کر سکتا ہے جس میں مختلف ذیلی گروپس بیک وقت نگرانی، جاسوسی اور حملے جیسے مشنز انجام دے سکتے ہیں۔
اس میں خودکار نیویگیشن، رکاوٹوں سے بچاؤ اور وژن بیسڈ سسٹمز کے ذریعے اہداف کی شناخت کی صلاحیت بھی شامل ہے۔
’طوفان‘ کو ہائی ایکسپلوسیو وارہیڈ سے لیس کیا گیا ہے جس کے ذریعے یہ سطح سمندر پر موجود اہداف، ساحلی تنصیبات اور اہم فوجی اثاثوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔



