ڈہرکی میں پولیس مقابلہ، ایک مبینہ ڈاکو ہلاک، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد

ڈہرکی (وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے)ڈہرکی پولیس نے دورانِ گشت مبینہ ملزمان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک شخص کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈہرکی صفیع اللہ انصاری اپنے اسٹاف کے ہمراہ معمول کی گشت پر تھے کہ لنک روڈ داد لغاری، کنڈے والے قبرستان کے قریب موٹر سائیکل پر سوار تین مشتبہ افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی اور فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک نامعلوم ملزم گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔
ہلاک شخص کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال ڈہرکی منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس نے موقع سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کی شناخت اور مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔



