ایران پر نئے حملے کی تیاریاں؟ اسرائیل اور امریکی عسکری رابطے تیز ہونے کا دعویٰ

مقبوضہ بیت المقدس(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف ممکنہ اقدام کے خلاف اسرائیل اورامریکی عسکری سربراہوں کےرابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔
اسرائیلی ٹی وی کے مطابق اسرائیلی چیف آف سٹاف ایال زمیر اورسینٹ کام سربراہ بریڈ کوپر کےدرمیان حالیہ دنوں میں متعدد رابطے ہوئے، ایران کے خلاف ممکنہ اقدامات پربات چیت کی گئی۔
ٹی وی چینل 12 نے دعویٰ کیا کہ صیہونی فوج نئے حملے کی تیاری کر رہی ہے، ممکنہ حملے میں ایرانی توانائی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا جائے گا، ایرانی سڑکوں سمیت اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
اسرائیلی ٹی وی کے مطابق صورتحال کے پیش نظراسرائیل کی دفاعی تیاریوں میں بھی تیزی آ گئی، امریکہ بھی ایران کے اندر محدود حملے کے آپشن پر غور کر رہا ہے، ممکنہ حملے سےمتعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کےباوجود خطے میں کشیدگی برقرار ہے، امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کی درخواست پرجنگ بندی میں یکطرفہ توسیع کی۔
خیال رہے کہ ایران نے پاکستان کے ذریعے امریکہ کو نئی تجاویز بھیجی ہیں جن کے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کو آگاہ بھی کر دیا گیا ہے، اس کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر دوبارہ حملے کا امکان موجود ہے۔



