برطانیہ میں دوسری جنگ عظیم کا 2.5 ٹن وزنی بم کامیابی سے تلف کردیا گیا

لندن(جانوڈاٹ پی کے)دوسری جنگ عظیم کا ڈھائی ٹن وزنی بم تلف کر دیا گیا، یہ بم پورٹسمتھ کے علاقے سے ملا تھا۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی شہر پورٹسمتھ میں دوسری جنگ عظیم کے دور کا ایک دیو ہیکل بم برآمد ہوا، جسے رائل نیوی اور برطانوی فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ایک مشترکہ اور انتہائی حساس آپریشن کے بعد کامیابی سے ناکارہ بنا دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ بم پورٹسمتھ کے علاقے سے ملا تھا، جس کا وزن ڈھائی ٹن بتایا جاتا ہے، بم کی موجودگی کے باعث علاقے میں شدید خطرہ محسوس کیا جا رہا تھا، جس کے پیشِ نظر حکام نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔

دھماکے سے قبل احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی 1,200 گھروں کے مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، بم کو تلف کرنے کے لیے اس کے گرد ایک خصوصی حفاظتی حصار (Cordon) قائم کیا گیا تاکہ دھماکے کے اثرات کو محدود رکھا جا سکے۔

رائل نیوی اور برطانوی فوج کے ماہرین نے انتہائی مہارت کے ساتھ بم کو دھماکے سے اڑا کر تلف کر دیا، آپریشن مکمل ہونے اور علاقے کو کلیئر قرار دیے جانے کے بعد، نکالے گئے رہائشیوں کو دوبارہ اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

علاقہ مکینوں نے آپریشن کی کامیابی اور بروقت حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے اتنے وزنی بم کا ملنا اور اسے شہری آبادی کے قریب بحفاظت تلف کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔

مزید خبریں

Back to top button