امریکی حکومت سے امداد نہ ملنے پر اسپرٹ ایئرلائن نے کمپنی بند کرنے کا اعلان کر دیا

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکا میں کم قیمت سفری سہولیات فراہم کرنے والی ایئرلائن اسپرٹ نے حکومت کی جانب سے 500 ملین ڈالر نہ ملنے کے باعث کمپنی بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران جنگ کے باعث امریکا میں بڑھتے ہوئے جیٹ فیول کی قیمتوں اور معاشی مسائل کا سامنا کرنے والی ائیر لائن نے دیوالیہ ہونے سے بچنے کے لیے حکومت سے رابطہ کیا تھا۔

اسپرٹ ایئرلائن ٹرمپ انتظامیہ سے ایک امدادی معاہدے پر بات چیت کر رہی تھی تاکہ سروسز بحال رکھی جا سکیں تاہم امریکی حکومت نے 500 ملین ڈالر مالی امداد دینے سے انکار کردیا۔

ایئرلائن کمپنی نے آج اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں مذاکرات نہ ہونے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی نے فوری طور پر اپنے آپریشنز منظم انداز میں ختم کرنے کا عمل شروع کر دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام آنے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ جن مسافروں نے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ سے ٹکٹ خریدے تھے انھیں خودکار پر رقم واپس کر دی جائے گی جب کہ ٹریول ایجنٹ کے ذریعے ٹکٹ بک کروانے والے ری فنڈ کے لیے ایجنٹ سے رابطہ کریں۔

اسپرٹ ایئرلائن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ البتہ واؤچر، کریڈٹ، ایئرلائن پوائنٹس یا کسی اور ذریعے سے ٹکٹ خریدنے والوں کے معاوضے کا فیصلہ بعد میں دیوالیہ پن کی عدالت کی کارروائی کے دوران کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button