لاہور کی بڑی سڑکوں کو ٹریفک کے حوالے سے ماڈل بنانے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور کی بڑی سڑکوں کو ٹریفک کے حوالے سے ماڈل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ہوا جس میں لاہور سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک نظام بہتر بنانے کیلئے بڑے فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے اہم شاہراہوں کو ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے ماڈل بنایا جائے گا، جبکہ لین اور لائن کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ٹریفک پولیس موبائل گاڑیوں پر نصب کیمروں کے ذریعے خلاف ورزیوں کی مانیٹرنگ کرے۔

دوران اجلاس موٹرسائیکل سواروں کیلئے بھی سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے، زگ زیگ ڈرائیونگ کرنے والوں کی موٹرسائیکل 3 دن کیلئے تھانے میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ لین ڈسپلن، ون وے کی خلاف ورزی اور سڑک کنارے غیر قانونی پارکنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹریفک پولیس نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 5 لاکھ سے زائد چالان کئے اور ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں تحویل میں لیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور میں غیر منظم ٹریفک ٹرینڈ قابل تشویش ہے اور اس کی بہتری کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

مریم نواز شریف نے سی ٹی او لاہور کو واضح ہدف دیا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو نمایاں طور پر بہتر بنایا جائے اور ناجائز پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کم عمر ڈرائیونگ کی روک تھام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی مکمل عملداری کے بغیر ٹریفک نظام بہتر نہیں بنایا جا سکتا، ساتھ ہی عوام میں لین اور لائن ڈسپلن سے متعلق بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button