امن کیلئے سفارتکاری کا عالمی دن کے موضوع پر مکلی میں تقریب

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاوید لطیف میمن/جانوڈاٹ پی کے)24 اپریل کو پوری دنیا میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت امن کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی ہدایات پر ٹھٹھہ کے پولی ٹیکنیکل کالج میں ایک تقریب محکمہ سماجی بہبود ٹھٹھہ کی جانب سے محکمہ سماجی بہبود کے ایڈیشنل ڈائریکٹر خدابخش بھرانی کی میزبانی میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ-2 عدیل ڈاوچ تھے، جبکہ ٹھٹھہ میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں (NGO’s) سے وابستہ مختلف شخصیات جن میں میڈم سیدہ یاسمین شاہ، عمران جوکھیو، عبداللہ راجپر، شوکت زنئور، مدیحہ ناز جاکھرو، کالج پرنسپل فرحان میمن، صحافیوں سائیں اسماعیل میمن، جاوید لطیف میمن، کالج سے وابستہ طلبہ و طالبات سمیت سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-2 ٹھٹھہ ولید ڈاوچ، ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود خدابخش بھرانی، کالج پرنسپل فرحان میمن، این آر ایس پی ٹھٹھہ کے پروجیکٹ انچارج عمران جوکھیو، میڈم یاسمین شاہ، مدیحہ ناز جاکھرو اور دیگر کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے وجھہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑا ہوا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت بھی خطرے میں ہے، لیکن پاکستانی حکومت خاص طور پر پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کے ذریعے امریکہ اور ایران کے درمیان امن قائم کرنے اور جنگ ختم کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے امریکہ اور ایران کے درمیان پیدا شدہ جنگی صورتحال جلد اپنے انجام کو پہنچے گی اور پوری دنیا میں پاکستان کی جانب سے کی گئی سفارتی کوششوں کے ذریعے امن قائم ہوگا۔
یاد رہے کہ سال 2018 میں اقوام متحدہ کی جانب سے ایک چارٹر کے ذریعے 24 اپریل کو "سفارتکاری کے ذریعے عالمی امن” کے عنوان کے تحت یہ دن پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔



