تھرپارکرمیں حفاظتی ٹیکہ جات عالمی ہفتے کا آغاز،30اپریل تک مہم جاری

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے عوام کو علاج معالجے کی فوری اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات آج سول اسپتال مٹھی میں 13 مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات کے عالمی ہفتے کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے علاوہ محکمہ صحت ہر سال اپریل کے مہینے میں ایک ہفتہ مناتا ہے جس دوران نہ صرف بچوں بلکہ حاملہ خواتین کو بھی 13 مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جاتے ہیں، جن میں بچوں کی ٹی بی، پولیو، کالی کھانسی، خناق، تشنج (جھٹکے کی بیماری)، گردن توڑ بخار، نمونیا، دستوں کی بیماری، مڈے کا بخار، خسرہ، روبیلا اور خواتین کے رحم کے کینسر شامل ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور انسداد پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر بھرت کمار سونی نے کہا کہ تھرپارکر میں آج سے حفاظتی ٹیکوں کے ہفتے کا آغاز ہو چکا ہے جو 30 اپریل 2026 تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکے بچوں کو 13 خطرناک بیماریوں سے بچانے کا مفت اور سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیماریاں اچانک ظاہر ہو کر کبھی معذوری اور کبھی موت کا سبب بھی بن سکتی ہیں، لیکن حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے ان بیماریوں کو مکمل طور پر روکا جا سکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہر بچے کو مقررہ شیڈول کے مطابق تمام حفاظتی ٹیکے وقت پر لگوائے جائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر پرتھوی راج نے محکمہ صحت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ اس ہفتے کے دوران ہر باشعور شہری اپنا قومی فرض سمجھتے ہوئے مثبت کردار ادا کرے، جبکہ ضلعی انتظامیہ مکمل تعاون کرے گی۔ بعد ازاں سول اسپتال مٹھی سے ایک آگاہی واک/ریلی نکالی گئی جس میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ غیر سرکاری تنظیم ہیلپ تھرپارکر کے ضلعی کوآرڈینیٹر معظم علی جتوئی، روٹری کلب مٹھی کے ہریش کمار سونی، ڈاکٹر لیکھراج سونی، سنیل کمار سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں ڈی ایچ او آفس میں ٹیکہ جات کے ہفتے کے انتظامات کے جائزے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی کی صدارت میں ایک اجلاس بھی منعقد ہوا۔



