دیپالپور: پولیس کی بڑی کارروائی، 3 خطرناک اشتہاری ملزمان گرفتار

دیپالپور(وسیم احمد غوری/ تحصیل رپورٹر /جانو ڈاٹ پی کے) پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین خطرناک اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا، جو طویل عرصہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب اور روپوش تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں خاور عرف خاوری، اقبال اور طارق شامل ہیں، جن کے خلاف مختلف مقدمات درج تھے۔کارروائی ایس ایچ او جہانزیب حاکم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے انجام دی، جس کے نتیجے میں مفرور ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کافی عرصے سے گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھے اور مختلف مقامات پر نقل و حرکت کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان گرفتاریوں سے علاقے میں جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔



