اوکاڑہ،واسا کی ٹیمیں شہر کے متعدد علاقوں میں سیوریج لائنز کی صفائی میں مصروف

اوکاڑہ(رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر واسا کی ٹیمیں شہر کے متعدد علاقوں میں سیوریج لائنز کی صفائی میں مصروف، منیجنگ ڈائریکٹر واسا عبدالوحید کی زیر نگرانی شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنز اور گٹروں کی صفائی کا عمل تسلسل سے جاری ہے، اس سلسلہ میں تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مظفر کالونی، اکبر روڈ،نرسری چرچ روڈ، کھرل چوک، 54/2 ایل، گورنمنٹ کالونی، محبوب ٹاؤن، غفور کالونی اور کوٹ نہال سنگھ میں سیوریج لائن کی صفائی میں مصروف ہیں، ایم ڈی واسا نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیوریج نظام کو مکمل طور پر فعال رکھنے کے لیے باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ عملہ صفائی کے دوران حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنائے جبکہ ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیوریج نظام کی بہتری کے لیے تعاون کریں اور گٹروں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں۔ واسا شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہر دم کوشاں ہے۔

مزید خبریں

Back to top button