سندھ حکومت کا بڑا اعلان: حیدرآباد میں بھی پنک اسکوٹیز کی تقسیم جلد شروع ہوگی، شرجیل میمن

کراچی/حیدرآباد(جانو ڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے سکھر میں کامیاب آغاز کے بعد اب حیدرآباد میں بھی خواتین کیلئے پنک اسکوٹیز کی تقسیم کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کے مطابق خواتین کو نہ صرف مفت اسکوٹیز فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ انہیں ڈرائیونگ لائسنس، ہیلمٹ اور باقاعدہ تربیت بھی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار اور خود اعتماد بنانا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہ منصوبہ اسی وژن کا حصہ ہے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق سکھر اور شکارپور کے بعد پیپلز بس سروس کے نیٹ ورک کو بھی مزید وسعت دی جا رہی ہے، جبکہ خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور روٹس پر بھی جلد سروس شروع کی جائے گی۔
حیدرآباد میں کوہسار حیدر چوک اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر بھی پیپلز بس سروس کے آغاز کی تیاری مکمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو سستی، آرام دہ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ خاص طور پر خواتین، نوجوانوں اور محنت کش طبقے کو براہِ راست فائدہ پہنچانا ہے۔



