لاڑکانہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 50 سے زائد مقدمات میں مطلوب دو ڈاکو ہلاک

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو انتہائی مطلوب ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے ہیں. ایس ایس پی احمد چودھری کے مطابق تھانہ رشید وگن کی حدود کھکھرانی چوک اور تھانہ یونیورسٹی کی حدود ایٸرپورٹ روڈ کے علاقوں سے ڈکیتیوں کے اطلاع پر لاڑکانہ پولیس کی جانب سے ضلع بھر کے اندر ناکہ بندی کر دی گئی، دوران ناکابندی تھانہ لاشاری کی حدود وارہ برانچ پل کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے دو ڈاکو مارے گٸے جن کی شناخت شاہنواز عرف شانو کلہوڑو اور گل جان تنیو کے ناموں سے ہوئی. پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے چھینی جانے والی پرس، شناختی کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ اور دو عدد ایس ایم جی رائیفلیں برآمد کرلی گٸی ہیں. پولیس کا بتانا ہے کہ ابتدائی تفتیش اور حاصل کرده معلومات کے مطابق ہلاک ڈاکو حالیہ ہونے والی وارداتوں اور مجموعی طور پر 50 سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں نامزد تھے.
ادھر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاریوں کے لیے تھانہ لاشاری کی حدود میں سرچ آپریشن جاری ہے.



