ٹھٹھہ:ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس، یونین کونسلز کو صفائی، نکاسی آب اور سروسز بہتر بنانے کی ہدایت

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن )ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ٹھٹھہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد اسسٹنٹ ڈائریکٹر اریجہ بتول کی بھی شرکت۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، جناب طارق احمد بگھیو کی زیرِ صدارت ان کے دفتر میں ایک اہم اور جامع اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے بلدیاتی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اریجہ بتول سمیت تمام یونین کونسل سیکرٹریز نے شرکت کی اجلاس کے آغاز میں نو تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر اریجہ بتول کا تمام یو سی سیکرٹریز سے باضابطہ تعارف کروایا گیا۔ اس موقع پر باہمی رابطہ، ٹیم ورک اور مؤثر کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر نے ہدایت جاری کی کہ 13 اپریل سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے دوران تمام سیکرٹریز فیلڈ ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون اور نگرانی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کے
پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، اس میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔تمام یونین کونسلز کو ہدایت دی گئی کہ صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی میونسپل سروسز کو مؤثر اور فعال بنایا جائے، تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ تمام متعلقہ کونسلز اپنے بقایا جات، بشمول NADRA، Federal Board of Revenue (انکم ٹیکس) اور Sindh Revenue Board، کو فوری طور پر کلیئر کریں تاکہ سرکاری امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی رکاوٹ
پیش نہ آئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جناب طارق احمد بگھیو نے اس امر پر زور دیا کہ تمام افسران و اہلکار اپنے فرائض دیانتداری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ انجام دیں اور حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے ضلع ٹھٹھہ کی تمام یونین کونسلز کی کارکردگی کو مثالی بنایا جائے



