وزیر آباد:پیر اجمل رضا قادری کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان روحانی اجتماع کا انعقاد

وزیر آباد (جانوڈاٹ پی کے) تحریک اصلاح معاشرہ خانقاہ شریف گکھڑ میں عالمی مبلغِ اسلام پیر اجمل رضا قادری کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان روحانی اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے عقیدت مندوں، اہلِ محبت اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی اجتماع کے دوران روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے، جبکہ شرکاء کا جوش و خروش اور عقیدت دیدنی تھی۔ بارش کے باعث اجتماع کو مرکز کے اندر منتقل کر دیا گیا، تاہم اس کے باوجود مسجد کے تینوں ہال، گلیاں اور برآمدے شرکاء سے مکمل طور پر بھر گئے، جو اس اجتماع کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے اس موقع پر سیاسی، سماجی، سرکاری اور مذہبی شخصیات کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی، جنہوں نے اجتماع کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر اجمل رضا قادری صاحب نے کہا کہ ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، ہم صرف اور صرف دینِ اسلام کی خدمت اور اس کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے سیرتِ طیبہ کا ایک ایمان افروز واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے ہمیشہ عفو و درگزر اور محبت کا درس دیا۔ آپ ﷺ کے پاس ایک عورت روزانہ کوڑا پھینکا کرتی تھی، لیکن جب ایک دن وہ نظر نہ آئی تو آپ ﷺ خود اس کی عیادت کے لیے اس کے گھر تشریف لے گئے، جس سے وہ متاثر ہو کر حلقہ بگوشِ اسلام ہو گئی۔ یہ واقعہ اس بات کی روشن مثال ہے کہ اسلام محبت، برداشت اور انسانیت کا دین ہے انہوں نے مزید کہا کہ ایسے روحانی اجتماعات کا مقصد لوگوں کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ کو اجاگر کرنا اور دین سے وابستگی کو مضبوط بنانا ہے۔اجتماع کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔



