صحت مند معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں کمزور اور بیمار افراد کا خیال رکھا جائے، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے بلڈ ڈونیشن مہم کے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا.

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے کہا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور انہیں باقاعدگی سے خون کی فراہمی زندگی اور موت کا مسئلہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں کمزور اور بیمار افراد کا خیال رکھا جائے اور خون کا عطیہ دینا ایک عظیم انسانی خدمت ہے جو کئی جانیں بچانے کا سبب بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں اور ان کے والدین کو ایک بلڈ بیگ کے لیے بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے، ہماری کوشش ہے کہ ایک ایسا مربوط نظام بنایا جائے جس کے تحت ان بچوں کو بروقت اور مستقل بنیادوں پر خون کی فراہمی ممکن ہو سکے،

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایک مؤثر مانیٹرنگ میکنزم تشکیل دیا جا رہا ہے جس کے تحت جمع ہونے والے بلڈ بیگز کے مطابق تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے کوٹہ مقرر کیا جائے گا تاکہ متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس نظام کے تحت جمع ہونے والا خون صرف تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے مختص ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلڈ ڈونیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ پولیس، صحت، تعلیم اور دیگر تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات جمع کیے جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پیر 6 اپریل سے ایک ہفتے تک روزانہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک سول اسپتال مکلی میں بلڈ ڈونیشن وارڈ قائم کیا جائے گا جہاں شہریوں سے خون کے عطیات وصول کیے جائیں گے۔

انہوں نے میڈیا، سول سوسائٹی اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس انسان دوست مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور خون کے عطیات دینے کے حوالے سے آگاہی پھیلائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

اس موقع پر شرکاء نے بلڈ ڈونیشن کے حوالے سے مختلف تجاویز اور آرا پیش کیں جبکہ تمام شرکاء نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اجلاس میں پولیس، صحت، ریونیو، تعلیم، بار ایسوسی ایشن، صحافیوں، این جی اوز، میونسپل و ٹاؤن افسران، پرائیویٹ اسکولز، ہیومن رائٹس کمیشن، مرف، پی پی ایچ آئی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button