تھرپارکر:لطیف آباد میں قتل کے کیس کا ملزم پولس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار، پسٹل برآمد

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) گذشتہ دیر رات کو لطیف آباد بی سیکشن کی حدود یونٹ نمبر 5 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ہوٹل میں کام کرنے والے تھرپارکر کے مزدور ثناءاللہ ولد چنیسر منگریو کی سفاکانہ گلا کٹی لاش برآمد ہوئی۔
ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او بی سیکشن کو فوری مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
ایس ایچ او بی سیکشن انسپکٹر نیاز احمد پنہور نے مقتول کے بھائی مصری منگریو کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 82/2026 بجرم دفعات 302، 34 تعزیراتِ پاکستان درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔ کل بی سیکشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جیسے ہی نائیجانی بند یونٹ نمبر 10 لطیف آباد میں ملزمان کی موجودگی پر چھاپہ مارا تو دو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم ریحان ولد میر حسن گوپانگ سکنہ گاؤں نور محمد خان گوپانگ، تحصیل بلڑی شاہ کریم، ضلع ٹنڈو محمد خان کو زخمی حالت میں پسٹل سمیت گرفتار کر لیا گیا، جبکہ لرزہ خیز قتل میں ملوث ساتھی ملزم سعود احمد گوپانگ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر علاج کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ قاتل زخمی ملزم نے اسپتال جاتے ہوئے ابتدائی بیان میں قتل کا اعتراف کرتے ہوئے واردات کی تفصیلات بھی بیان کی ہیں۔ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔



