تھرپارکر: سوشل میڈیا افواہوں کے بعد سینہر کوہی میں میڈیکل کیمپ قائم، 170 سے زائد افراد کے ٹیسٹ، کالی کھانسی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگا نے تعلقہ کلوئی کے گاؤں سینہر کوہی میں میڈیکل کیمپ قائم کیا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں چلائی جا رہی تھیں کہ تعلقہ کلوئی کے گاؤں سینہر کوہی میں کالی کھانسی (کالی سائی) کے باعث دو بچے جاں بحق ہو گئے ہیں اور کئی افراد اس بیماری میں مبتلا ہیں۔ ان خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے گاؤں سینہر کوہی میں میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا، جہاں 170 سے زائد مردوں، خواتین اور بچوں کے خون کے نمونے لیے گئے، تاہم ایک بھی کالی کھانسی کا کیس سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے حوالے سے ورثاء سے بھی معلومات لی گئیں، جس پر گاؤں کے رہائشی غلام رحیم اور دیگر نے بتایا کہ بچوں کو ہلکا بخار تھا، نہ تو کوئی ٹیسٹ کروایا گیا اور نہ ہی کسی ڈاکٹر کو دکھایا جا سکا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگا نے مزید کہا کہ گاؤں سینہر کوہی میں کالی کھانسی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ محکمہ صحت تھرپارکر کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر جا کر مکمل معائنہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button