30 مارچ: دنیا بھر میں موجود فلسطینی آج ’یوم الارض‘ منارہے ہیں

غزہ(جانوڈاٹ پی کے)دنیا بھر موجود فلسطینی آج ’یوم الارض‘ منارہے ہیں۔
ہر سال 30 مارچ کو فلسطینی ’یوم الارض‘ (Land Day) مناتے ہیں، جو 1976 کے اس واقعے کی یاد دلاتا ہے جب اسرائیلی افواج نے فلسطینی زمینوں پر قبضے کے خلاف ہونے والے مظاہروں پر فائرنگ کی تھی۔
اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 6 نہتے فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیل نے اس وقت الجلیل کے علاقے میں فلسطینی شہریوں کی تقریباً 2 ہزار ہیکٹر (4942 ایکڑ) زمین ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔یہ اسرائیلی ریاست کی اس پالیسی کا حصہ تھا جس کا مقصد الجلیل کے علاقے کو یہودی اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا تھا۔
اگرچہ زمینوں کی ضبطگی پورے الجلیل میں ہوئی تاہم 1976 کے احتجاج کا مرکز فلسطینی شہر سخنین، عرابہ اور دیر حنا تھے۔
فلسطینی آج بھی اس دن کو اسرائیل کے اندر اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں بشمول غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں احتجاجی مظاہروں اور زیتون کے درخت لگا کر مناتے ہیں تاکہ اپنی زمین سے تعلق کا اظہار کر سکیں۔
1976 میں ہونے والے مظاہروں اور فلسطینیوں کی شہادت کے 50 سال مکمل ہونے پر آج دنیا کے مختلف شہروں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔



