حسن پسائی کی23ویں برسی پر خراجِ عقیدت،عوامی تحریک کا سندھ کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)عوامی تحریک تھرپارکر کے سابق صدر، نامور صحافی اور باکردار شخصیت حسن پسائی کی 23ویں برسی کے موقع پر ان کے آبائی گاؤں کھوروڑو میں عوامی تحریک تعلقہ ڈیپلو کی جانب سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، کارکنوں اور علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام سے عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری، ضلعی صدر ایڈووکیٹ دیال صحرائی، مرکزی رہنما وکیل ایاز کلوئی، اوبھایو جونیجو، اشرف رند، محمد خان لنڈ، ماجد پسائی، اعظم مریدانی، عمر بجیر، وکیل دیوت رائے، دولت میگھواڑ، رحمان نہڑیو، دلیپ دوشی، ڈامرو کولہی، کشور جئپال، میوارام ساقی، مارو قاسمانی اور دیگر نے خطاب کیا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری نے کہا کہ حسن پسائی اپنی آخری سانس تک فکرِ پلیجو سے وفادار رہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی عوام کی فلاح، سندھ کے وسائل کے تحفظ اور مظلوم طبقات کی جدوجہد کے لیے وقف کر دی۔
انہوں نے کہا کہ حسن پسائی صرف ایک صحافی نہیں بلکہ ایک بہادر اور اصولی رہنما تھے، جنہوں نے ہر دور کے ظلم کے خلاف آواز بلند کی اور اپنے قلم اور عمل سے جدوجہد کو نیا رخ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ سندھ میں ہر طرف بدامنی پھیلی ہوئی ہے۔ نئے صوبوں کے نعرے کے ذریعے سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ایم کیو ایم کے دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر سندھ کی زمینیں کمپنیوں کے حوالے کی جا رہی ہیں، جو سندھ کے کسانوں، آبادگاروں اور عام لوگوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کی زمینوں پر مقامی لوگوں کا حق تسلیم کیا جائے اور زرعی پالیسیاں کسانوں کے مفاد میں بنائی جائیں۔
ایڈووکیٹ وسند تھری نے کہا کہ امریکی جنگی جنون اور سامراجی پالیسیوں نے دنیا کے امن کو تباہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے دنیا کے مختلف خطوں، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں جنگوں کو ہوا دینے سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں۔ ایسی پالیسیاں نہ صرف ممالک کو تباہ کرتی ہیں بلکہ عام لوگوں کی زندگی کو بھی عذاب بنا دیتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں پانی کی قلت، بے روزگاری، مہنگائی اور زرعی بحران جیسے مسائل دن بہ دن بڑھتے جا رہے ہیں، جبکہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک ہمیشہ سندھ کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ حسن پسائی کی جدوجہد اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



