سندھ یونائیٹڈ پارٹی کھورواہ کے زیر اہتمام آل پارٹیز کی جانب سے11اپریل سے تحریک شروع کرنے کا اعلان

بدین(رپورٹ:محمد اعظم کھوکھر/جانوڈاٹ پی کے)کھورواہ کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کھورواہ کے زیر اہتمام آل پارٹیز کی جانب سے 11 اپریل سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا سندھ یونائیٹڈ پارٹی یونٹ کھورواہ کی جانب سے سندھ ہاؤس میں شہر اور یونین کونسل کے بنیادی مسائل حل نہ ہونے کے خلاف ایس یو پی کے مرکزی رہنما اور کھورواہ سے ضلع کونسل بدین کے رکن ایڈووکیٹ امیر آزاد پنھور کی صدارت میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کے رہنماؤں جے یو آئی کے فرمان میمن، جسقم اریسر کے کامریڈ وکیو میمن ، عوامی تحریک کے حنیف چانڈیو ایس ٹی پی جی کے علی اکبر کھور، شیعہ علما کونسل کے فقیر قادر بخش مگٹھار ، جی ڈی اے کے قاضی غلام حسین کنبھار ، گھریوا کے عبدالغنی چنا ، قومی عوامی تحریک کے کامریڈ یوسف لاشاری ، پی ٹی آئی کے سلیم میمن سمیت یو سی کھورواہ کے مختلف گاؤں کے معززین ، صحافیوں ، واپاری برادری ، اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی کانفرنس میں کھورواہ کے ڈرینج سسٹم مکمل طور ناکارہ ہونے، شہر کے بائی پاس روڈ کا کام ادھورا چھوڑنا ، کھورواہ سے کھورواہ چوک تک 12 کلومیٹر لنک روڈ کی خراب و خستہ حالت اور شہر و یونین کونسل کھورواہ کے مختلف اہم مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی شرکاء نے کہا کہ کھورواہ کے عوام برسوں سے بنیادی اور ضروری سہولیات سے محروم چلے آ رہے ہیں علاقے کے منتخب نمائندوں عدم توجہی کے باعث شہر کی حالت خراب ہے شہر کی جاتی ، سجاول، ٹھٹھہ ، کراچی سمیت شہروں اور گاؤں گوٹھوں سے ملانے والی 12 کلومیٹر رابطہ سڑک تباہ ہوچکی ہے علاقہ مکینوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے عوامی نمائندوں کو عوام کی کوئی فکر ہے نہ پرواہ بلکہ دھائیوں سے اقتدار میں رہنے والے پی پی پی کے نمائندوں کی لاپرواہی اور نااہلی کے سبب علاقہ مکین عذاب میں مبتلا ہیں کھورواہ شہر سمیت علاقے میں کوئی بھی بنیادی سہولت میسر نہیں ہے کانفرنس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں 11 اپریل بروز ہفتہ دن 10 بجے میرپور بٹھورو اسٹاپ سے مین سٹی چوک تک احتجاجی ریلی نکال کر بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ تحریک شروع کی جائے گی جو مسائل کے حل تک جاری رہے گی سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور یونین کونسل کھورواہ سے منتخب ضلع کونسل بدین کے میمبر ایڈووکیٹ امیر آزاد پنھور نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کھورواہ کی عوام نے ووٹ دیے کر ضلع کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی میں نے ضلع کونسل اسیمبلی میں یہاں کی عوام کا کیس بھرپور طریقے سے پیش کیا ہے انھوں نے کہا کہ ضلع کونسل کی جانب سے کھورواہ کو ترقیاتی اسکیموں میں مسلسل نظر انداز کیا گیا ہے ملنے والی اسکیموں میں ضلع کونسل کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی گئی قانونی لڑائی کے ذریعے کھورواہ کے لیے دو اسکیمیں حاصل کرنے میں کامیابی ملی انھوں نے کہا کہ یو سی کھورواہ کے لیے ہر ماہ ملنے والا دس لاکھ کے فنڈز چیرمین یو سی اور دیگر کی ملی بھگت سے ہڑپ کر لیے جاتے ہیں انھوں نے کہا کہ یہ کانفرنس کھورواہ کے عوام کی مشترکہ آواز ہے شہر کی ڈرینج ، لنک روڈز کی زبوں حالی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان کے خلاف احتجاجی تحریک کے ذریعے بھرپور آواز اٹھائی جائے گی انھوں نے کہا کہ ہم حکومتی حلقوں کو خبر دار کرتے ہیں کہ کھورواہ کے مسائل حل نہ کیے گئے تو شروع ہونے والی عوامی احتجاجی تحریک میں شدت لانے کے ساتھ قانونی کارروائی اور لڑائی بھی کی جائے گی اس موقع پر ایس یو پی کے مرکزی نائب صدر اور رکن ضلع کونسل بدین امیر آزاد پنھور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کھورواہ کے عوام کو یقین دلاتی ہے کہ کھورواہ کے مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کرنے اور مسائل کے حل کےلئے احتجاجی تحریک کے ساتھ قانونی فورمز پر بھی جدوجہد کی جائے گی۔



