مٹھی سول اسپتال میں آپریشن شروع، کئی ماہ سے غیرحاضر 7 ڈاکٹرز کی رپورٹ سیکریٹری حوالے

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر شہر مٹھی کی سول اسپتال میں مبینہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نئے تعینات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) شاھد جنجھی نے چھان بین کا عمل شروع کر دیا ہے۔
گزشتہ روز کئی ماہ سے غیر حاضر رہنے والی 3 لیڈی ڈاکٹرز سمیت مجموعی طور پر 7 ڈاکٹرز کو سیکریٹری صحت سندھ کے دفتر رپورٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈیوٹی سے غائب ڈاکٹرز میں ڈاکٹر بھانیشا (ڈبلیو ایم او)، ڈاکٹر امرتا (ڈبلیو ایم او)، ڈاکٹر ٹینا (ڈبلیو ایم او)، ڈاکٹر ٹنڈولکر (ایم او)، ڈاکٹر طاہر علی (ایم او)، ڈاکٹر پریم کمار (سی ایم او) اور ڈاکٹر ہتیش کمار (ایم ایل او) شامل ہیں۔
جبکہ ڈسپنسرز، پٹوالوں، مالیوں اور صفائی عملے سمیت دیگر نچلے درجے کے ملازمین کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق کئی ماہ سے غیر حاضر رہنے والے ڈاکٹرز کے خلاف ماضی میں کارروائی نہ ہونے پر اٹھنے والے سوالات کے جواب کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔



