متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کےبعد سڑکیں تالاب بن گئیں

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں بارشوں کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں۔
متحدہ عرب امارات میں شدید بارش کے بعد دبئی، ابوظبی، عجمان اور راس الخیمہ سمیت مختلف ریاستوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
شارجہ میں بارش کے باعث سڑکیں دریا کامنظر پیش کرنے لگیں جہاں موسلا دھار بارشوں کے ساتھ ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔
سیلابی صورتحال میں پھنسے شہریوں کو پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ادھر ابوظبی کے مرکزی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔
اس کے علاوہ دبئی میں ائیرپورٹ اور اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس پر حکام نے مسافروں کو 3 گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت کی ہے جب کہ شیخ زاید روڈ اور ابوظبی جانے والی بڑی شاہراہیں کھلی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے اور ہفتہ سے موسم بہتر ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔
امارات کے محکمۂ اوقاف نے لوگوں کو نمازیں گھر میں پڑھنے کی ہدایت کی ہے۔



