پاکستان کی نیت اچھی،مذاکرات کی امریکی،اسرائیلی باتیں قابل اعتبار نہیں،ایرانی وزارت خارجہ

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران کا کہنا ہےکہ پاکستان ہمارا پڑوسی ہے، ہمارے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی نیت اچھی ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہمارے وزیر خارجہ پڑوسی ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے رابطے میں ہیں، پڑوسی ممالک بشمول پاکستان کے وزرائےخارجہ سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقاتیں ہوئیں، خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پڑوسی ممالک کی نیک نیتی کو سمجھتے ہیں، علاقائی ریاستیں اور پڑوسی ممالک اس صورتحال کے نتائج پر تشویش رکھتے ہیں، ہر کوئی کسی نہ کسی طرح حالات کو بہتر بنانےکی کوشش کر رہا ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک نے تہران اور واشنگٹن کےدرمیان مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش کی، خطے اور باہرکےکئی ممالک نے ایران سے رابطہ کیا ہے، ان ممالک نے ایران و امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنےکی پیشکش کی ہے، ہمیں اس نوعیت کے مذاکرات سے متعلق درخواستیں ملیں اور ہم نے ان کا جواب دیا، ہمارا مؤقف واضح ہےکہ ہم اپنا دفاع جاری رکھیں گے، ایران کے ساتھ مذاکرات کی امریکی اور اسرائیلی باتیں قابل اعتبار نہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جارحیت کے بعد اب کوئی بھی امریکی سفارتکاری پر اعتماد نہیں کرسکتا، ہم نےگزشتہ روز واضح کردیا تھا ایران اور امریکا کے درمیان کوئی بات چیت یا مذاکرات نہیں ہو رہے، ہمیں امریکی سفارتکاری کا نہایت تباہ کن تجربہ ہوا ہے، ہم پر 9 ماہ کے عرصے میں دو مرتبہ مذاکرات کے دوران حملہ کیا گیا، حملہ اس وقت ہوا جب ہم جوہری مسئلے کےحل کے لیے مذاکرات کے عمل کے درمیان تھے، مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ سفارتکاری سےغداری تھی

مزید خبریں

Back to top button