امریکا نے آبنائے ہرمز میں آمد و رفت بحال کرنے کیلئے جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر تعینات کردیے

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکا نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایک مرحلہ وار فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے  جس کے تحت کم بلندی پر پرواز کرنے والے اے-10 وار تھوگ طیارے اور اپاچی ہیلی کاپٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی جنرل ڈین کین نے بتایا کہ  امریکی طیارے ایران کے جنوبی ساحل کے قریب تیز رفتار کشتیوں اور ڈرونز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

اس کارروائی کا مقصد ان  بارودی سرنگوں، مسلح کشتیوں اور کروز میزائلوں کو ختم کرنا ہے جن کی وجہ سے مارچ کے آغاز سے آبنائے ہرمز بند ہے۔

امریکی حکام کے مطابق اگر یہ آپریشن کامیاب ہوتا ہے تو امریکی جنگی بحری جہاز خلیج میں تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی معیشت شدید متاثر ہوئی ہے۔ یہ گزرگاہ دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل برآمدات کے لیے استعمال ہوتی ہے اور اس کی بندش کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمتیں بڑھ کر 119 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھیں جو بعد میں تقریباً 108 ڈالر پر آگئیں۔

امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس آبی راستے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں کیونکہ ایران کے پاس ساحلی علاقوں میں بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں، ٹرکوں پر نصب کروز میزائل اور زیر زمین چھپائے گئے حملہ آور بحری وسائل موجود ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button