ایرانی حملوں کی 50ویں لہر: جنگ میں اب تک 1450 ایرانی شہید، 14 اسرائیلی، 13 امریکی ہلاک

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس نے خطے میں امریکی اڈوں کے خلاف حملوں کی 50ویں لہر شروع کر دی ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس کارروائی میں متحدہ عرب امارات کے اڈے فجیرہ اور الدفرا، بحرین کے جفاریہ اور پانچویں بحری بیڑے، کویت کے علی سلیم اور اردن کے الازرق اڈے شامل ہیں جن پر میزائل داغے گئے ہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کارروائی میں خطے میں موجود ان ریڈار سسٹمز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جنہوں نے اسرائیل کیلئے حفاظتی کردار ادا کیا۔

جنگ میں اب تک مجموعی طور پر 1450 ایرانی شہری شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 14 اسرائیلی شہری ایرانی حملوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوئے۔

پینٹاگون نے مزید 6 ہلاک امریکی فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے جس کے بعد مارے جانے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے، 144 امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈرون حملے سے ایئرپورٹ کے ریڈار نظام کو نقصان پہنچا ہے، کویتی حکام

کویت کی حکومت کا کہنا ہے کہ ایک ڈرون حملے کے باعث اس کے ایئرپورٹ کے ریڈار نظام کو نقصان پہنچا ہے، کویت نے خطے میں جاری جنگ کے باعث تمام پروازیں معطل کرنے کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔

اس سے قبل کویت کے وزارتِ دفاع نے اپنے ایئربیس پر ڈرونز حملوں اور اس کے نتیجے میں 3 فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

6 بیلسٹک میزائلز کو بروقت ناکارہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، سعودی حکام

سعودی عرب کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ مملکت کے الخرج گورنرریٹ کی طرف داغے جانے والے 6 بیلسٹک میزائلز کو بروقت ناکارہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔

پاسداران انقلاب کی امریکا کو صنعتی کاروبار مشرق وسطیٰ سے منتقل کرنے کی دھمکی

ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنا صنعتی کاروبار مشرق وسطیٰ سے منتقل کرے اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ان فیکٹریوں سے دور رہیں جن میں امریکی کمپنیوں کے حصص ہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ انتباہ اس کے بعد آیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران حملوں میں ایران کی غیر فوجی فیکٹریوں میں کئی سویلین کارکن جاں بحق ہو چکے ہیں۔

لبنان پر اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے جنوبی علاقے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جان سے جانے والوں میں ماں، باپ اور ان کے 2 بچے شامل ہیں۔

ایران کا آئل ٹینکرز کو آبنائے ہرمز سے محدود رسائی دینے پر غور

ایرانی عہدیدار نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ایران محدود تعداد میں آئل ٹینکرز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے پر غور کر رہا ہے، بشرطیکہ تیل کے کارگو کی تجارت چینی یوآن میں ہو، جبکہ عالمی منڈی میں تیل تقریباً مکمل طور پر ڈالر میں خریدا جاتا ہے۔

سکیورٹی خدشات کے باوجود کچھ بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزر رہے ہیں

رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر کچھ جہازوں نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کا خطرہ مول لیا ہے، جبکہ کچھ دیگر بھی جلد ایسا کرنا شروع کر سکتے ہیں، ایران مسلسل جہازوں کو اس پانی کے راستے چین کی جانب بھیج رہا ہے۔

سمندری مطالعے کے ماہر پروفیسر راک فورڈ کے مطابق بحری جہازوں کیلئے جنگی خطرے کی انشورنس جلد دستیاب ہو سکتی ہے مگر یہ حملوں سے مکمل تحفظ فراہم نہیں کرتی، جس کے باعث کئی شپنگ کمپنیاں انتظار کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

فوری طور پر عراق چھوڑ دیں، بغداد میں امریکی سفارت خانے کا شہریوں کو انتباہ

امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ ’ایران اور اس سے منسلک عسکریت پسند گروپ عراق میں عوامی سلامتی کیلئے ایک بڑا خطرہ ہیں، یہاں حملے امریکی شہریوں، امریکی مفادات اور اہم بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہوئے ہیں۔

امریکی سفارت خانے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عراق کے آسمان پر میزائلوں، ڈرونز اور گولہ بارود کے مسلسل خطرے کے پیش نظر بغداد میں سفارت خانے یا اربیل میں قونصل خانے جانے سے گریز کریں۔

فوجی سنسرشپ نظر انداز، اسرائیلی شہریوں نقصان کی معلومات سامنے لے آئے

اسرائیلی شہری ایرانی حملے کے بعد اسرائیل میں ہونے والے نقصانات کی تصاویر اور معلومات سامنے لے آئے، عرب ٹی وی کے مطابق جنوبی اسرائیل کے اہم شہر ایلات میں ایرانی حملوں سے کم از کم 10 مقامات پر نقصان کی اطلاعات ہیں جنہیں مکمل طور پر چھپانا ممکن نہیں تھا۔

وسطی اسرائیل میں تل ابیب کے وسیع علاقے میں بھی نقصان کی خبریں سامنے آئی ہیں، کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی تاہم ایلات میں ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے، ایرانی حملوں سے دھوئیں کے بادل قریبی اردنی شہر اقابا تک دیکھے گئے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مسلسل حملوں اور شمالی اسرائیل میں ہر 30 منٹ بعد بجنے والے سائرن کے باعث اسرائیلی معاشرے پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور معمولات زندگی کی بحالی مشکل دکھائی دیتی ہے۔

سوئس حکومت نے امریکا کی فضائی پرواز کی 2 درخواستیں مسترد کر دیں

سوئس حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کی جنگ سے متعلق امریکا کی 2 فضائی پرواز کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔

سوئس حکومت کے بیان کے مطابق وفاقی کونسل نے غیرجانبداری کے قانون کی بنیاد پر یہ درخواستیں رد کیں، تاہم ایک دیکھ بھال کی پرواز اور دو ٹرانسپورٹ طیاروں کی عبوری پرواز کی درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔

اسرائیل کے پاس بیلسٹک میزائل انٹرسیپٹرز کی شدید کمی ہوگئی

اسرائیل نے امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع کے دوران اس کے پاس بیلسٹک میزائل انٹرسیپٹرز کی شدید کمی ہو گئی ہے، امریکی ویب سائٹ نے نام ظاہر نہ کرنے والے امریکی اہلکاروں کے حوالے سے یہ معلومات دی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کو مہینوں سے اسرائیل کی محدود صلاحیت کا علم تھا، تاہم امریکا کے اپنے انٹرسیپٹرز کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button