معاون خصوصی وزیر اعلیٰ شام سندر نے کیلاش کولہی کی بیوہ کو10لاکھ روپے کا امدادی چیک دیدیا

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)

وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور اور ایم پی اے ڈاکٹر شام سندر آڈوانی بدین کے قریب گاؤں ڈاہو کولہی پیرو لاشاری پہنچے جہاں انہوں نے تین ماہ قبل بے دردی سے قتل ہونے والے کیلاش کولہی کے ورثاء سے تعزیت کی اور ان کی بیوہ لکھی کولہی کو حکومتِ سندھ اور محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے 10 لاکھ روپے مالیت کا مالی امداد کا چیک دیا اس موقع پر ایم پی اے بی بی یاسمین شاہ، سابق سینیٹر کرشنا کماری، اسسٹنٹ کمشنر تلہار جامن داس سونارو، ویرجی کولہی، ڈاکٹر چیتن داس سامنانی، اشوک کمار، چندر کولہی، مقتول کیلاش کولہی کے والد چیتن کولہی سمیت دیگر معزز شخصیات اور علاقے کے افراد بھی موجود تھے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے کہا کہ کیلاش کولہی کا قتل انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے حکومتِ سندھ کو ملزمان کی گرفتاری کی ہدایات جاری کیں، جس پر سندھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قاتل کو جلد گرفتار کر لیا انہوں نے مزید کہا کہ اس تمام عمل میں میڈیا کا کردار بھی انتہائی اہم رہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اقلیتوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کی ضمانت پر یقین رکھتی ہے جبکہ حکومتِ سندھ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر آج میں حکومتِ سندھ اور محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے کیلاش کولہی کے ورثاء کے لیے 10 لاکھ روپے کا مالی امدادی چیک لے کر آیا ہوں، جو مقتول کی بیوہ لکھی کولہی کے حوالے کیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ انسان کی زندگی انتہائی قیمتی اور انمول ہے جس کی کوئی قیمت نہیں لگائی جا سکتی۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہر قدم پر کیلاش کولہی کے ورثاء کے ساتھ کھڑی ہے اور قاتل کو قانون کے مطابق سزا دلوانے تک ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقتول کے ورثاء کو ہر قسم کی قانونی معاونت بھی فراہم کی جائے گی اور وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور اور ایم پی اے ڈاکٹر شام سندر آڈوانی کڑیو گھنور پہنچے جہاں انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری کیمپس اسکول میں قائم شریمتی پیران کشن چند آڈوانی میموریل لائبریری کا افتتاح کیا لائبریری کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم اور کتابوں سے وابستگی ہی قوموں کی ترقی اور شعور کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائبریریاں علم، تحقیق اور مطالعے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ شریمتی پیران کشن چند آڈوانی کے نام سے قائم کی گئی یہ لائبریری طلبہ کے لیے علم حاصل کرنے کا ایک اہم مرکز ثابت ہوگی انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ کتابوں سے دوستی قائم کرے کیونکہ کتابیں انسان کی سوچ کو وسیع کرتی ہیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں مدد دیتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ لائبریری علاقے کے طلبہ اور نوجوانوں کے لیے علم کا روشن چراغ ثابت ہوگی

مزید خبریں

Back to top button