مرتضیٰ وہاب کا کراچی میں نیا قبرستان بنانے کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہےکہ کراچی میں ایک نیا قبرستان بنانے جار ہے ہیں جس سے شہریوں کو آسانی ہوگی۔کے ایم سی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے کمرشل ایریاز کا بہت برا حال تھا، کراچی کے مختلف علاقوں میں بلدیہ عظمیٰ کراچی ترقیاتی کام کر رہی ہے، اولڈ سٹی ایریا میں75کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لی مارکیٹ، کھجورمارکیٹ، میٹھادر اور کھارادر کے علاقوں میں ترقیاتی کام ہونگے، ایک ارب روپے شہر کی مختلف مارکیٹوں پر خرچ کر رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اس سال68ارب روپے کراچی شہر پر خرچ کرنے جا رہے ہیں، شہر کے لیے1058اسکیمیں ہیں جن میں سڑک اور پرانی عمارتیں شامل ہیں، ٹاؤنزکی اندرونی گلیوں میں بھی ترقیاتی کام کرینگے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوں۔میئرکراچی نے مزید کہا کہ گل پلازہ کے اطراف کے علاقوں میں بھی ترقیاتی کام شروع ہونا تھا، بدقسمتی سےگل پلازہ کا واقعہ ہوا ورنہ وہاں کام شروع ہوجاتا، کڈنی ہل پارک پر پرندوں کی ایوری پرکام شروع کردیا ہے جو سب سے بڑی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک نیا قبرستان بنانے جار ہے ہیں جس سے شہریوں کو آسانی ہوگی، نیا قبرستان میمن گوٹھ روڈ2ماہ میں بنائیں گے،43کروڑ روپے نئے قبرستانوں پر خرچ کرنے جارہے ہیں جبکہ عظیم پورہ انٹر سیکشن پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، عظیم پورہ کے سگنل کو ختم کرنے کے لیے وہاں فلائی اوور بنایا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button