اسلام آباد ایئرپورٹ سے متعلق پروازوں کیلئے نیا نوٹم جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے 16 مارچ کو اسلام آباد ایئرپورٹ کے حوالے سے ایک نیا نوٹم جاری کیا ہے، جس کے تحت پروازوں کی آمد و رفت پر عارضی پابندی عائد رہے گی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 16 مارچ کو صبح ساڑھے 8 بجے سے صبح ساڑھے 10 بجے کے دوران اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسی بھی کمرشل پرواز کو لینڈنگ یا ٹیک آف کی اجازت نہیں ہوگی، اس فیصلے کے تحت لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کے 6 سیکٹرز عارضی طور پر بند رہیں گے۔
نوٹم میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دورانیے میں فضا میں موجود پروازوں کو لینڈنگ کے لیے انتظار کرنا ہوگا، جبکہ طیاروں کے کپتانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال اور ممکنہ تاخیر کے پیشِ نظر طیاروں میں اضافی فیول لازمی رکھیں۔
یاد رہے کہ شام ساڑھے چھ بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں جو کہ تقریبا 8 بجے واپس بحال کیا گیاہے ۔
تمام پروازوں کو مبینہ طور پر لینڈنگ اور ٹیک آف سے روک دیا گیا تھا، کچھ پروازیں ٹیک آف کیلئے تیار تھیں اور انہوں نے یہاں سے مدینہ جانا تھا جبکہ مسافروں کی بورڈنگ بھی ہو چکی تھی لیکن ان کو بھی روک دیا گیا تھا ۔



