امریکا کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی حفاظت کرنے سے انکار

لندن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی بحریہ شپنگ انڈسٹری کی درخواستوں کے باوجود آبنائے ہرمز میں جہازوں کو سکیورٹی فراہم کرنے سے قاصرہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی حملوں کے خطرے کے باعث امریکی بحریہ فی الحال آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو فوجی سکیورٹی فراہم نہیں کرسکتی۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ جنگ شروع ہونےکے بعد سے شپنگ انڈسٹری کی جانب سے تقریباً روزانہ بحری اسکواڈکے ذریعے جہازوں کی حفاظت کی درخواستیں کی جا رہی ہیں، تاہم امریکی بحریہ نے انہیں مستردکر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ امریکی بحریہ نے شپنگ اور آئل کمپنیوں کے ساتھ ہونے والی بریفنگز میں بتایا کہ موجودہ حالات میں جہازوں کو اسکواڈ فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔
یہ صورتحال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان سے مختلف ہے جس میں انہوں نےکہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر امریکا جہازوں کو بحری تحفظ فراہم کرنےکے لیے تیار ہے۔



