برطانیہ کا قطرمیں چارٹائیفون جنگی طیارےتعینات کرنے کا اعلان، قطر کا 14 ایرانی میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر نے قطرمیں مزید چار’ٹائیفون جنگی طیارے‘( Typhoon fighter jets) تعینات کرنے کا اعلان دیاہے ۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ طیارے قطر میں پہلے سے موجود برطانوی فوجی دستوں کے ساتھ شامل ہوں گے تاکہ خطے میں برطانیہ کی دفاعی موجودگی کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اس سے قبل جنوری اور فروری میں برطانیہ نے قطر میں اپنی دفاعی صلاحیتیں بڑھانے کیلئے ہوائی دفاعی نظام اور دیگر فوجی اثاثے تعینات کیے تھے ۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ برطانیہ نے اتحادی آپریشنز کی معاونت کیلئے فضائی ایندھن فراہم کرنے والے طیارے بھی استعمال کیے اور خطے میں شراکت دار ممالک کی جانب سے مزید امداد کی درخواستوں پر فوری ردعمل دے رہا ہے۔
دوسری جانب قطر کے وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ایران سے داغے گئے 14 بیلسٹک میزائل اور 4 ڈرون کو آج صبح قطر کی فضائی دفاعی صلاحیتوں نے کامیابی کے ساتھ ناکارہ بنا دیا۔
وزارت دفاع نے شہریوں، مقیم افراد اور زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، سیکیورٹی حکام کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، افواہوں سے گریز کریں اور معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں۔



