قطر میں امریکی سفارتخانہ کی شہریوں کو فوری نکلنے کی ہدایت،ترک حکام کا ایرانی میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

دوحہ/انقرہ(جانوڈاٹ پی کے)امریکی سفارتخانے نے قطر میں سفارتخانے کے شہریوں کو فوری نکلنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ ایرانی میڈیا کا کہناہے کہ حملوں میں اب تک ایران کے ایک ہزار سے زائد شہری جاں بحق ہو چکے ہیں ۔
الجزیرہ کے مطابق قطر کی فضائی حدود بدستور بند ہیں جبکہ فضائی آپریشن بھی معطل ہیں، قطر سے باہر جانے کیلئے سعودی عرب کی سرحد کھلی ہے۔
دوسری جانب ترکیہ نے ایران کی جانب سے آنے والے بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیاہے ، ترک حکام کا کہناتھا کہ نیٹو کے دفاعی نظام نے ایرانی میزائل کو فضا میں ہی تباہ کیا، ایرانی میزائل کو ترک حدود میں پہنچنے سے پہلے مار گرایا گیا۔
ترک وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب کو ٹیلیفون کرتے ہوئے میزائل فائر کرنے پر ایران سے احتجاج ریکارڈ کروایا ، ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ کشیدگی کے پھیلنے کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔
ایرانی میڈیا کاکہناہے کہ اسرائیلی اور امریکی حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ، جنگ میں اب تک ایک ہزار 45 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔



