امریکا نے جوہری مذاکرات کو رئیل سٹیٹ کی طرح ڈیل کیا، ایرانی وزیر خارجہ

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا نے جوہری مذاکرات کو رئیل سٹیٹ کی طرح ڈیل کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بڑے جھوٹوں نے حقائق کو دھندلا دیا، جھوٹ حقائق پر حاوی ہو جائے تو نتائج اچھے برآمد نہیں ہوں گے، ٹرمپ نے اپنے شہریوں اور سفارتکاری کو دھوکا دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے مذاکرات کی میز پر بمباری کی، نتیجتاً مذاکراتی میز کو عداوت کی وجہ سے بمباری کا نشانہ بنا دیا گیا، غیر حقیقت پسندانہ توقعات کبھی پوری نہیں ہو سکتیں۔
دوسری جانب ایران میں رجیم چینج کیلئے امریکی خفیہ ادارے کا بڑا پلان سامنے آگیا ہے۔
سی این این کے مطابق سی آئی اے ایران میں بغاوت کیلئے کردوں کو تیارکر رہی ہے، صدر ٹرمپ ایرانی اپوزیشن اور کرد رہنماؤں سے رابطےمیں ہیں، عراقی کردستان میں ہزاروں ایرانی کرد جنگجو موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایرانی کرد رہنما مصطفیٰ ہجری سے بات کی، آنے والے دنوں میں ایرانی کرد جنگجو ایران میں زمینی کارروائی کریں گے۔



