سکھر میں آیت اللہ خامنہ کی شہادت پر یوم سوگ

سکھر(نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اینڈ اصغریہ خواتین آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے ایران پر مبینہ حملے اور رہبرِ معظم آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف یومِ سوگ منایا گیا اور سکھر پریس کلب کے سامنے تعزیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا،شعبہ خواتین کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تعزیتی کیمپ و احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ پورے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرنے کی سازش ہے۔ شرکاء نے شہید آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی تصاویر اپنے سینوں سے لگا رکھی تھیں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہبرِ معظم کی جدوجہد امتِ مسلمہ کے اتحاد اور استقامت کی علامت تھی اور ان کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔مظاہرین نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی طاقتیں خاموش رہیں تو خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔



