مٹھی میں صادق فقیر چوک پر تجاوزات کا راج، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے قائم کردہ صادق فقیر چوک پر بڑھتی ہوئی تجاوزات شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن گئی ہیں۔
ایک طرف غیرقانونی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا رش ہے تو دوسری جانب مٹھی جیمخانہ کے سامنے چنگچی رکشہ ڈرائیوروں کا راج قائم ہو چکا ہے۔
چوک کے وسط میں ریڑھی والوں، پھل فروشوں، رکشوں اور لاؤڈ اسپیکر لگا کر آوازیں لگانے والوں نے نہ صرف چوک کی خوبصورتی کو متاثر کیا ہے بلکہ اطراف میں رہنے والی خواتین اور مردوں کے لیے بھی عذاب پیدا کر دیا ہے۔
اس چوک سے روزانہ چھوٹے بڑے، بزرگ اور اسکولی طلبہ پیدل گزرتے ہیں جو تجاوزات کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہیں، خاص طور پر طلبہ کو آمدورفت میں سخت مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
مقامی ٹریفک پولیس سفید وردی میں نظر تو آتی ہے مگر عملی طور پر غیر فعال دکھائی دیتی ہے اور سارا دن ریڑھی والوں سے سبزی اور پھل وصول کرنے میں مصروف رہتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کو نہ تو قوانین کا علم ہے اور نہ ہی بڑھتی ہوئی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت، جبکہ چوک پر تعینات اہلکاروں پر بھتہ خوری اور ریڑھی والوں سے ماہانہ وصولیوں کے الزامات بھی لگائے جا رہے ہیں۔
شہر کے شہریوں، مذہبی و سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی کے افراد نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر اور ایس ایس پی تھرپارکر سے مطالبہ کیا ہے کہ صادق فقیر چوک سے تمام غیر قانونی گاڑیوں، ریڑھیوں اور چنگچی رکشوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کرنے والے جنازہ لے جاتے وقت بھی ایک انچ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہوتے، اس لیے انتظامیہ فوری کارروائی کرے اور چوک کو تجاوزات سے پاک بنایا جائے۔



