آٹے اور چینی کی فراہمی اور معیار کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وزیرآباد

وزیرآباد (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کے ثمرات وزیرآباد میں نمایاں طور پر سامنے آ رہے ہیں جہاں سہولت بازاروں اور مقررہ سیل پوائنٹس پر سستی چینی اور سبسڈی والا آٹا وافر مقدار میں فراہم کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی مربوط حکمت عملی کے باعث شہریوں کو رمضان المبارک کے دوران بڑا ریلیف میسر آ رہا ہے۔ وزیرآباد میں 10 کلوگرام سبسڈی والا آٹا صرف 850 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ چینی 140 روپے فی کلو کے مقررہ نرخ پر دستیاب ہے۔ سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں 44 سیل پوائنٹس اور 126 فیئر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر آٹے کی باقاعدہ سپلائی جاری ہے۔محکمہ خوراک کے اعداد و شمار کے مطابق روزانہ 230 ٹن سے زائد گندم کا اجرا کیا جا رہا ہے جبکہ 16 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلوں کی سپلائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں بھی سستے آٹے کی فراہمی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس سے قیمتوں میں استحکام پیدا ہو رہا ہے اور عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وزیرآباد محمد وقاص نے اس حوالے سے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق آٹے اور چینی کی فراہمی اور معیار کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر انسپیکشن کا عمل جاری ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش مقررہ نرخوں پر دستیاب رہیں۔شہریوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سستے آٹے اور چینی کی دستیابی ایک بڑا ریلیف ہے جس سے گھریلو اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔



