دیپالپور: وائس چیئرپرسن پی ایس پی اے جہاں آراء نے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم اور شفافیت کا جائزہ لیا

دیپال پور (محمد اسلم بھٹی)وائس چیئرپرسن پی ایس پی اے جہاں آراء منظور وٹو نے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام قائم تحصیل کیمپ سائٹ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈ کے ذریعے نقد رقم کی تقسیم کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر، دیپالپورفیصل شہزاد نےوائس چیئرپرسن کا استقبال کیا اور تحصیل سائٹ کیمپ کے انتظامات، شفافیت کے نظام اور مستحقین کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور، فیصل شہزاد نے وائس چیئرپرسن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک تقریباً 47,243 وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈ ضلعی انتظامیہ کو موصول ہو چکے ہیں، جن میں سے تقریباً 43,336 وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈز بائیو میٹرک تصدیق کے مکمل عمل کے بعد شفاف طریقے سے مستحق افراد میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔دورے کے دوران، وائس چیئرپرسن نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈ کے مستحقین سے ملاقات بھی کی، ان کے مسائل سنے اور ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے امدادی رقم کی باعزت، شفاف اور منظم فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تحصیل کیمپ سائٹ کے عملے کو ہدایت کی کہ مستحقین کی رہنمائی، شکایات کے فوری ازالے اور بہتر انتظامی ہم آہنگی کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں، تاکہ عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرپرسن نے کہا حکومت پنجاب کا مشن واضح ہےعوامی خدمت، شفافیت اور سہولت کی مؤثر فراہمی۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان نگہبان پیکج حکومتِ پنجاب کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ریاست اپنے کمزور اور مستحق طبقات کے ساتھ کھڑی ہےاور اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ رمضان نگہبان پیکج کے ذریعے مالی امداد حقیقی مستحقین تک بروقت، منظم اور باعزت انداز میں پہنچے۔ وائس چیئرپرسن نے یہ بھی کہا کہ فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ رمضان نگہبان پیکج کے معیار کو مزید بہتر بنا کر ہر سطح پر شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔



