ماہ رمضان ہمدردی، ایثار اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،سرمد علی بھاگت

ٹھٹھہ(جاوید لطیف میمن/جانوڈاٹ پی کے)ضلعی انتظامیہ ٹھٹھہ کی جانب سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام اٹھاتے ہوئے پبلک پارک میں عام غریب اور مستحق افراد کے لیے خصوصی دسترخوان کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے پہلے روزے کی افطاری مستحق اور نادار افراد کے ساتھ کی۔ اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور رمضان المبارک کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک ہمدردی، ایثار اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اور ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ مستحق افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کو سہارا دینا اور اجتماعی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے – انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ پورے ماہِ رمضان خصوصی دسترخوان میں شرکت کریں گے اور مستحق افراد کے ساتھ افطاری کریں گے تاکہ ان کے مسائل سے براہِ راست آگاہی حاصل کی جا سکے۔ افطاری میں ضلعی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کے لیے ایسے فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button