وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر اڈوانی کامیرپورماتھیلو کا دورہ

گھوٹکی(وجے کمار چاولہ/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے میرپورماتھیلو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہندو مسان / شمشان گھاٹ میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرپورماتھیلو میں ہندو برادری کے لیے شمشان گھاٹ کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا مقصد اقلیتوں کو مساوی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بھی باعزت اور سہولتوں سے آراستہ ماحول میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے مزید کہا کہ ہندو برادری ہمیشہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہمدردی اور اعتماد کا رشتہ رکھتی آئی ہے کیونکہ یہ جماعت ہر مشکل گھڑی میں اقلیتوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سی ایم سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حکومت اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ بھی ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اگر کسی صحافی کو کسی قسم کا نقصان پہنچتا ہے تو حکومت اس کے ازالے کے لیے اقدامات کرتی ہے۔ تقریب میں پی پی اقلیتی رہنما کامریڈ ککو رام، اسسٹنٹ انجینئر کلیم اللہ دھاریجو، انجینئر سنجے راجا سمیت مقامی رہنماؤں، معززینِ شہر اور ہندو برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



