سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنرمٹیاری

مٹیاری(رپورٹ امجد راجپوت/جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ضلع میں تعلیمی نظام کی بہتری، اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور آؤٹ آف اسکول بچوں کو داخلہ دے کر دوبارہ اسکولوں میں لانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ اور عملے کی غیرحاضری، اسکولوں کی بندش اور سہولیات کی کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریوں کے مطابق کارکردگی بہتر بنائیں۔

یہ بات انہوں نے ضلعی سروس ڈیلیوری کمیٹی (DSDC)، آؤٹ آف اسکول بچوں کی انرولمنٹ کمیٹی اور درسی کتب کی تقسیم سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس مٹیاری میں کہی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی تعلیمی افسران، چیف مانیٹرنگ آفیسر، لوکل سپورٹ یونٹ، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن، ایجوکیشن مینجمنٹ آرگنائزیشن اور نجی اسکولوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران چیف مانیٹرنگ آفیسر نے ضلع کے اسکولوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 902 اسکول موجود ہیں جن میں سے 766 اسکولوں کا دورہ کیا جا چکا ہے۔ متعدد اسکول عارضی اور مستقل طور پر بند ہیں جبکہ بعض اسکولوں کا دورہ ابھی باقی ہے۔ اسکولوں میں پینے کے صاف پانی، فرنیچر، بجلی، واش روم اور باؤنڈری وال جیسی بنیادی سہولیات کی کمی سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ 130 خستہ حال اسکولوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں مستقل بند اسکولوں کی بحالی، اسکولوں کا مقررہ وقت پر آغاز، ایس ایم سی فنڈز اور اسکول بجٹ کے شفاف اور مؤثر استعمال پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اسکولوں کے لیے مختص بجٹ کو ترجیحی بنیادوں پر صرف بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جائے، خصوصاً فرنیچر، رنگ و روغن اور دیگر ضروریات پر خرچ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کیں کہ بجٹ کا درست اور شفاف استعمال کیا جائے اور ہر اسکول میں نمایاں بہتری نظر آنی چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید اعلان کیا کہ ضلع کے گرلز اسکولوں کو گلابی (پنک) رنگ، بوائز اسکولوں کو نیلا رنگ اور کو ایجوکیشن اسکولوں کو سبز رنگ دیا جائے گا تاکہ شناخت اور ماحول دونوں میں بہتری آئے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی ظاہری حالت بہتر ہونے سے طلبہ میں سکون اور دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔

اجلاس میں جنوری کے دوران غیرحاضر، عادی غیرحاضر اور طویل عرصے سے غیرحاضر عملے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر نے سخت کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ محکمہ تعلیم اور ورکس ڈیپارٹمنٹ کی ماہانہ کارکردگی رپورٹس پر بھی بحث کی گئی جبکہ نجی اسکولوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے ہدایت کی کہ آؤٹ آف اسکول بچوں کے داخلے کے لیے بھرپور مہم چلائی جائے، درسی کتب کی بروقت تقسیم یقینی بنائی جائے اور آئندہ اجلاس تک نمایاں بہتری لائی جائے تاکہ ضلع مٹیاری میں تعلیم کا معیار مزید بہتر ہو سکے۔

مزید خبریں

Back to top button