لاڑکانہ میں ہاکی گراؤنڈ کی تباہی! نجی تقریبات کی وجہ سے قیمتی آسٹروٹرف گراؤنڈ شدید نقصان کے دہانے پر

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/جانو ڈاٹ پی کے)لاڑکانہ میں واقع محمد ایوب کھوڑو اسپورٹس کمپلیکس کا تاریخی اور قیمتی آسٹروٹرف ہاکی گراؤنڈ کھیلوں کے بجائے نجی تقریبات کے لیے استعمال ہونے کی وجہ سے تباہی کے قریب پہنچ گیا ہے۔
گراؤنڈ شہر کے پوش علاقے سچل سرمست کالونی میں واقع ہے اور قومی کھیل ہاکی کے لیے بنایا گیا تھا، مگر انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے آسٹروٹرف گراؤنڈ کی دیکھ بھال نہیں ہو رہی۔ حال ہی میں ایک نجی اسکول کی تقریب کے دوران لوہے کی کیلیں، لکڑی اور شامیانے لگانے سے گراؤنڈ کو شدید نقصان پہنچا۔
کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے گراؤنڈ میں ہاکی ٹورنامنٹ کرانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے، جس سے وہ شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ گراؤنڈ پر تقریب کی وڈیوز وائرل ہونے کے بعد شہریوں اور کھلاڑیوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، اور انہوں نے محکمہ کھیل سمیت لاڑکانہ سے منتخب بلاول بھٹو زرداری سے فوری نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اسپورٹس کمپلیکس کی انتظامیہ نے اس معاملے پر بات کرنے سے گریز کیا ہے، جبکہ کھلاڑی اور شہری گراؤنڈ کی بحالی اور مستقبل میں حفاظت کے لیے اقدامات کے منتظر ہیں۔



