کمشنر میرپورخاص جلال الدین مہر کی زیر صدارت اجلاس

میرپورخاص(رپورٹ:شاھدمیمن)کمشنر کمیٹی ہال میں کمشنر میرپورخاص جلال الدین مہر کی زیر صدارت رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور روزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر کمشنر میرپورخاص جلال الدین مہر نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ پرائس کنٹرول اور ذخیرہ اندوزی کو روکیں، مختيارکاروں اور اسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر دورے جات کرکے روزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں چیک کریں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے دکانداروں پر جرمانے عائد کریں اور کہا کہ ضلع اور تحصیل سطح پر شکایات سیل بنائے جائیں اور ضلع اور تعلقہ کی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ روز مرہ کی اشیاء ضروریات کی قیمتوں کو ہر ممکن سطح پر نافذ کیا جائے اور ذخیرہ اندوزی کو روکا جائے۔ اجلاس میں ایس ایس پی میرپورخاص سید فدا حسین شاہ نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے کانٹیجنسی پلان تیار کر لیا گیا ہے جس میں700پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔13 مین بازاروں میں 7 ڈی ایس پیز، 18 ایس ایچ اوز، پولیس اہلکار اور 80 لیڈی پولیس، کانسٹیبلز 122 تراویح پوائنٹس پر سیکیورٹی کی ڈیوٹی پرمامورہوں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون سبھاش چندر، ایڈیشنل کمشنر ٹو بشارت حسین، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود، ایس ایس پی میرپورخاص سید فدا حسین شاہ، ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر محمد سلیم قائم خانی، اسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی آصف مجید، میونسپل کمشنر انیس الرحمن سیال ،، محکمہ خوراک کے۔ امجد میمن، ڈی آئی بی انچارج دانش جبکہ ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی، ایس ایس پی عمرکوٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔



