اڈیالہ جیل میں ماہر ڈاکٹرزکی نگرانی میں عمران خان کی آنکھوں کا چیک اپ

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)اڈیالہ جیل میں میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھوں کاچیک اپ۔ذرائع کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال کی ایمبولینس گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر داخل ہوئی، اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ اڈیالہ جیل جانے والی ایمبولینس میں آنکھوں کے علاج کے آلات بھی موجود ہیں اور حکومت کی جانب سے بنائےگئے میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کاچیک اپ جاری ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم مختلف طبی آلات اور ادویات بھی ساتھ لائی ہے، طبی ٹیم کی رپورٹ جلد مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔
اپوزیشن اتحاد نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور اسپتال منتقل نہ کرنے تک پارلیمنٹ ہاؤس میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے عمران خان کی آنکھوں کے چیک اپ کے لیے الشفاء آئی اسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔



