سلمان علی آغا کا عثمان طارق پر بھرپور اعتماد، ’’ٹرمپ کارڈ ثابت ہوں گے‘‘

کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک)قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آٰغا نے بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج مقابلے سے قبل اسپنر عثمان طارق کو ٹیم کا ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میچ جیتنے کے لیے پاکستان کو ہر شعبے میں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ٹیم کے لیے تمام کھلاڑی برابر ہیں اور عثمان طارق پر ہونے والی تنقید بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان طارق اپنے بولنگ ایکشن کے حوالے سے دو مرتبہ کلیئر ہو چکے ہیں، اس کے باوجود باتیں کی جا رہی ہیں، تاہم اس کا کھلاڑی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑ رہا۔
قومی کپتان نے کہا کہ کل کا میچ عالمی سطح کا بڑا مقابلہ ہے، ٹیم مکمل طور پر تیار ہے، کنڈیشنز اور پچ سے واقف ہیں اور بارش کے امکانات کے پیش نظر اوورز کم ہونے کی صورت میں بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
سلمان علی آغا نے واضح کیا کہ ان کے لیے اسکواڈ کے تمام 15 کھلاڑی اہم ہیں اور پلیئنگ الیون کا فیصلہ کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم فارم میں ہیں اور امید ہے کہ وہ بھارت کے خلاف بھی رنز کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
پاکستان اور بھارت کے ورلڈ کپ ریکارڈ پر بات کرتے ہوئے قومی کپتان نے تسلیم کیا کہ ماضی میں نتائج پاکستان کے حق میں نہیں رہے، تاہم ٹیم نے تاریخ سے سیکھا ہے اور بھارت کی پوری پلئینگ الیون کے خلاف مکمل پلان تیار کیا گیا ہے۔
بھارتی جارح مزاج بیٹر ابھیشک شرما سے متعلق سوال پر سلمان علی آغا نے کہا کہ امید ہے وہ مکمل فٹ ہوں گے، تاہم کپتانی ایک اضافی ذمے داری ہے اور بطور کپتان میدان میں دباؤ کے باوجود پاکستان کو نظم و ضبط کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔



