عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے،ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاوید لطیف میمن/نمائندہ جانوڈات پی کے)ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت دربار ہال مکلی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ، جس میں ضلع ٹھٹھہ کے مختلف انتظامی و عوامی نوعیت کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فائر سیفٹی آڈٹ،اے آر وی سینٹر،انسدادِ تجاوزات مہم،پرائس کنٹرول،غیر قانونی سگریٹ سمگلنگ کی روک تھام، تعلیمی اداروں کے دورے،صحت کی سہولیات کا جائزہ اور رمضان بچت بازاروں کے قیام سے متعلق اہم امور شامل تھے۔اس موقع پر سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے اوقاتِ کار اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر بھی خصوصی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے بروقت اور درست معلومات شہریوں تک پہنچائی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسدادِ تجاوزات ، ناجائز منافع خوری اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی ، جبکہ رمضان المبارک کے دوران سستے نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے رمضان بچت بازاروں کے قیام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی آڈٹ اور صحت و تعلیم سے متعلق سہولیات کے معائنے کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ طے شدہ امور پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور پیش رفت سے متعلق رپورٹ جلد ضلعی انتظامیہ کو پیش کی جائے۔



