مٹیاری مووز میراتھن کامیابی سے مکمل، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں سے جوڑنے کا عملی پیغام

مٹیاری (امجد راجپوت، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)ضلعائی انتظامیہ مٹیاری کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی “مٹیاری مووز میراتھن” کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے ریس کی قیادت کی جبکہ ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کے افسران نے بھی میراتھن میں شرکت کی۔
اس موقع پر ضلع کے مختلف علاقوں سے نوجوان کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ میراتھن کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور انہیں دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے منفی رجحانات سے دور رکھنا تھا۔
ریس کے بعد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو انعامات دیے گئے۔ میراتھن میں پہلی پوزیشن روپ چند، دوسری پوزیشن محمد منگریو جبکہ تیسری پوزیشن نجم علی نے حاصل کی۔
ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نوجوانوں کو مثبت راستوں پر گامزن کرنے اور انہیں تعلیم، کھیلوں اور صحت مند ماحول سے جوڑنے کے لیے پُرعزم ہے۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر II اقرا جنت، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظہر، اسسٹنٹ کمشنر سعید آباد عبدالشکور، ڈی ایس پی فاطمہ نورین، انفارمیشن آفیسر زبیر میمن سمیت ضلع مٹیاری کے دیگر افسران اور عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا اختتام قومی یکجہتی اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے پیغام کے ساتھ کیا گیا۔



