ٹھٹھہ میں ایران کے اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر پُرامن ریلی

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن نمائندہ جانو.پی کے )شیعانِ علی ابنِ ابی طالبؑ کی جانب سے اسلامی انقلابِ ایران کی تاریخی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر ایک باوقار، پُرامن اور ولولہ انگیز پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں رکشا اسٹاپ سے پریس کلب ٹھٹھہ تک ایک پُرجوش ریلی نکالی گئی، جو رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی حمایت اور اسلامی انقلاب سے تجدیدِ عہد کے طور پر منعقد کی گئی۔
ریلی کے شرکاء نے رہبرِ معظم اور دیگر انقلابی رہنماؤں کی تصاویر اُٹھا رکھی تھیں اور انقلابی نعروں کے ذریعے ظلم و استکبار کے خلاف اپنے عزم کا اظہار کیا۔ ریلی میں شرکاء نے بھرپور نظم و ضبط اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے پریس کلب پہنچ کر اجتماع میں شرکت کی۔
پریس کلب ٹھٹھہ میں منعقدہ اجتماع سے ممتاز دینی و سماجی شخصیات نے خطاب کیا جن میں مولانا غیور عباس پنھور صاحب مدیر مدرسہ المھدی عج مولانا باقر شجاعی صاحب ، جماعتِ اسلامی کے ایڈوکیٹ عبدالمجید سموں اور معروف شیعہ رہنما ڈاکٹر عبدالحسین شاہ (شبیر شاہ) شامل تھے۔ مقررین نے اسلامی انقلابِ ایران کو امتِ مسلمہ کی بیداری، خودداری اور استقامت کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انقلاب آج بھی مظلوم اقوام کے لیے امید، حوصلے اور مزاحمت کی علامت ہے۔
اجتماع اور ریلی میں اراکینِ لشکرِ حسینی کے برادران اقبال حسینی اور سجاد حسین کھتری سمیت طلابِ مدرسہ المہدیؑ نے بھرپور اور منظم شرکت کی۔ شرکاء نے تقاریر اور انقلابی ترانوں کے ذریعے رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور باطل قوتوں کے خلاف یکجہتی کا پیغام دیا۔
مقررین نے زور دیا کہ امتِ مسلمہ کو اتحاد، شعور اور بصیرت کے ساتھ مظلوم اقوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا اور ہر سطح پر حق کا ساتھ دینا ہوگا۔ پروگرام کا اختتام اجتماعی دعا اور اس عزم کے ساتھ ہوا کہ انقلاب کی روح کو زندہ رکھتے ہوئے حق و انصاف کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی



