کینیڈا لرز اٹھا: برٹش کولمبیا میں اسکول اور گھر پر خونریز فائرنگ، 10 افراد ہلاک، حملہ آور کی خودکشی

اوٹاوا (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں پیش آنے والے ہولناک فائرنگ کے واقعے نے پورے ملک کو سوگ میں مبتلا کر دیا، جہاں 10 افراد ہلاک اور کم از کم 27 زخمی ہو گئے، جبکہ حملہ آور نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔

پولیس کے مطابق یہ خونریز واقعہ ایک سیکنڈری اسکول اور قریبی رہائش گاہ میں پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد اسکول کے اندر مردہ پائے گئے، ایک زخمی ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ دو مزید لاشیں ایک رہائشی مکان سے برآمد ہوئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور بھی اسکول کے اندر خود کو لگنے والے زخموں کے باعث مردہ حالت میں پایا گیا۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 25 سے زائد ہے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دونوں زخمیوں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے واقعے کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، تاہم تاحال حملے کے محرکات سامنے نہیں آ سکے اور تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ ایک چھوٹے قصبے میں پیش آیا جہاں آبادی محض چند ہزار افراد پر مشتمل ہے، جس کے باعث یہ سانحہ مقامی کمیونٹی کے لیے انتہائی تباہ کن ثابت ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی رہائشی، تعلیمی عملہ اور حکومتی اہلکار شدید غم اور صدمے کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button