ٹھٹھہ:منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور ضلع بھر سے تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگٹ کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام دستگیر شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ولید ڈاوچ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، ریجنل منیجر مرف آدم ملک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اینٹی ریبیز اقدامات، انسدادِ تجاوزات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام صحت مراکز میں اینٹی ریبیز کے لیے خصوصی وارڈز قائم کیے جائیں، ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور عوام میں آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
آنے والے ماہِ رمضان کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی روزانہ کی بنیاد پر سخت نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو نے زوم لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے کنارے قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور تمام تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات پر مکمل عملدرآمد اور کارکردگی مزید بہتر بنانے کی بھی تاکید کی۔



