بدین میں انتخابی دھاندلی کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن و پہیہ جام، ضلع بھر میں کاروبار بند، موٹر سائیکل ریلیاں

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)تحریک تحفظ آئین پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف شٹر بند اور پہیہ جام ہڑتال کی اپیل پر بدین شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف شہروں میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بدین، گولاڑچی، ٹنڈوباگو، پنگریو، مندو شہر، کڈھن، تلہار، ماتلی، راجو خانانی، کڑیو گھنور، سیرانی، ٹنڈو غلام علی اور شادی لارج سمیت ضلع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں۔
ہڑتال کے دوران پاکستان تحریک انصاف، قومی عوامی تحریک اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کے کارکنان صبح سے موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر ٹولیوں کی صورت میں مختلف علاقوں کا گشت کرتے رہے اور شٹر بند ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے شہریوں اور تاجر برادری سے تعاون کی اپیلیں کرتے رہے۔



